امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی کھل کر تعریف کی اور اسے عالمی قیادت کا مظہر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنگ کے بجائے تجارت کو ترجیح دے کر ایک مثبت اور دور اندیش کردار ادا کیا۔
نیویارک ٹائمز نے آپریشن بنیان مرصوص کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دے دیا
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی اس حد تک بڑھ گئی تھی کہ ایٹمی جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم پاکستان کی پرامن حکمت عملی اور تعمیری اقدامات نے تصادم کو روکا اور خطے میں امن قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق پاکستان نے تجارت کی پیشکش کو خوش دلی سے قبول کر کے اپنے رویے میں مثبت تبدیلی کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری شاندار بات چیت ہوئی ہے، اور ہم اس تعاون کو فراموش نہیں کریں گے۔ ان کے بقول، پاکستان نے جو کردار ادا کیا وہ علاقائی استحکام کی علامت ہے۔
دوسری جانب دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے جرات مندانہ فیصلے کیے، جب کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جارحانہ پالیسیوں نے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈالا۔ دفاعی ماہرین نے مزید کہا کہ بھارت کی پہلے جنگ بندی کی اپیل اور بعد ازاں امریکی صدر پر تنقید غیر سنجیدہ طرز عمل کو ظاہر کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مودی سرکار کی جنگ پسندانہ سوچ نے بھارت کی ساکھ کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا ہے۔ ٹرمپ اس سے قبل ایپل کے سی ای او کو بھارت میں سرمایہ کاری سے روک چکے ہیں، جو بھارتی معیشت کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
