دنیا کے معروف میڈیا ادارے نیویارک ٹائمز نے پاکستانی مسلح افواج کے آپریشن "بنیان مرصوص” کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک اہم موڑ قرار دیا ہے۔
صدر مملکت کا گوجرانوالہ کنٹونمنٹ کا دورہ، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا
نیویارک ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان گزشتہ کئی سالوں سے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحرانوں کا شکار تھا، تاہم بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص نے حالات کا رخ بدل دیا۔ اس فوجی فتح نے پاکستانی قوم کا حوصلہ بلند کیا اور مسلح افواج کا وقار بڑھایا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فوج نے نہ صرف بھرپور دفاع کیا بلکہ بھارتی افواج کو مؤثر جواب دے کر جنگ کے خدشے کو بھی ٹال دیا۔ پاکستانی فضائیہ کی کامیابی نے دنیا بھر کو حیران کیا۔
نیویارک ٹائمز نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو اس آپریشن کا معمار اور "قومی نجات دہندہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے پاکستانی عوام کا اعتماد بحال کیا۔ مضمون میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے الزام تراشی کے بعد پاکستان نے پیشہ ورانہ انداز میں دفاع کیا اور سیزفائر کی بھارتی پیشکش کو قبول کر کے ایک بڑی جنگ سے بچاؤ ممکن بنایا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہریوں نے اس کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب دنیا ہمیں ناکام ریاست نہیں کہہ سکتی۔ اس کامیابی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو دنیا بھر میں تسلیم کروایا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی فوج نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں بھارتی جارحیت کا جواب دیا اور اپنی سرزمین کا بھرپور دفاع کیا۔
