کراچی (کرائم رپورٹر) تھانہ سرجانی پولیس نے خفیہ اطلاع پر فوری اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی وردی میں ملبوس دو جعلی اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار افراد سیکٹر 5D میں وردی پہن کر سادہ لوح شہریوں کو ہراساں کر رہے تھے اور خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کر کے دھونس جما رہے تھے۔
ابراہیم حیدری پولیس کی کامیاب کارروائی، قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار، اسلحہ بھی برآمد
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت شعیب ولد اللہ رکھا اور سعید جلال ولد فضل جلال کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں جعلی اہلکار پولیس یونیفارم پہن کر عوام کو گمراہ کر رہے تھے اور اپنے ناپاک مقاصد کی تکمیل کے لیے پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو عدد پولیس شرٹس، پینٹس، بیلٹ، جوتے، نقدی اور مختلف اقسام کی مشکوک دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ اشیاء کی بنیاد پر یہ واضح ہوتا ہے کہ ملزمان طویل عرصے سے اس دھوکہ دہی میں ملوث تھے۔
پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 170، 171 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے تاکہ اس گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے کہا ہے کہ شہریوں کو خبردار رہنے کی ضرورت ہے اور اگر کوئی مشکوک فرد خود کو اہلکار ظاہر کرے تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔
