تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
آپ بلا واپس لیں گے تو دنیا آپ کے الیکشن کو کبھی نہیں مانے گی‘ اس فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ بیرسٹر گوہر کی میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی ( ویب ڈیسک تشکُّر نیوز 03 جنوری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے بلے کا نشان واپس لینے کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کسی جماعت سے انتخابی نشان واپس لینا پارٹی تحلیل کر دینے کے مترادف ہے، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ہم سپریم کورٹ جائیں گے، آپ بلا لیں گے تو دنیا آپ کے الیکشن کو کبھی نہیں مانے گی، اس فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، سپریم کورٹ بلا بحال نہیں کرتی تو ہر امیدوار آزاد الیکشن لڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کرپشن اور ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد رکھ رہے ہیں، غلط فہمی ہے کہ الیکشن کمیشن کو نہیں سنا گیا، بلے کا نشان واپس لینےسے انتخابات پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔
خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کر دیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے بلے کے نشان کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرلی، پشاور ہائیکورٹ نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس میں عدالت نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لینے کا فیصلہ برقرار رکھا اور پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ بحال کر دیا۔
