کراچی: پاکستان سنی تحریک کے صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے چیئرمین ختم نبوت موومنٹ پاکستان شیخ الحدیث علامہ مفتی عبداللہ نوری قادری سے ملاقات کی، جس میں ملک میں ختم نبوت کے تحفظ، اسلامی نظریات، اور آئینی و قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے علامہ مفتی عبداللہ نوری قادری کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، کمشنر کا غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کا عزم
اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی ترجمان خالد ضیاء، مرکزی کوآرڈینیٹر محمد طیب حسین قادری، ڈسٹرکٹ صدر کیماڑی علامہ طارق سعیدی، ڈسٹرکٹ کیماڑی رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالستار بلوچ، عبدالستار شاہ، پی ایس ٹی کراچی رابطہ کمیٹی کے رکن حسین قادری، اور ڈسٹرکٹ کیماڑی کے جنرل سیکرٹری راؤ کاشف بھی موجود تھے۔
ثروت اعجاز قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منکرین ختم نبوت آئین اور قانون کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں اور اس حوالے سے سخت کارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو غربت، مہنگائی اور کرپشن کا سامنا ہو سکتا ہے، لیکن اسلامی نظریات خصوصاً ناموسِ رسالت اور ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے تاریخی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کا خود کو مسلمان ظاہر کرنا ریاست سے دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔
علامہ مفتی عبداللہ نوری قادری نے کہا کہ ختم نبوت دینِ اسلام کی اساس ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی نرمی ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں اور قیامت تک کسی نئے نبی یا شریعت کی کوئی گنجائش نہیں۔
