ایڈووکیٹ اختر حسین کا جوڈیشل کمیشن آف پاکستان سے استعفیٰ

اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن ایڈووکیٹ اختر حسین نے کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین جوڈیشل کمیشن، جسٹس یحییٰ آفریدی کو بھجوا دیا۔
خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کی مقامی سطح پر منتقلی کا پہلا کیس رپورٹ

اختر حسین نے اپنے استعفے میں موقف اختیار کیا کہ پاکستان بار کونسل نے انہیں تین مرتبہ جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کیا، اور وہ اپنی ذمہ داریاں بہترین صلاحیتوں کے مطابق انجام دیتے رہے۔ تاہم، حالیہ عدالتی تقرریوں سے متعلق تنازعات کے باعث وہ مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے، جس کے باعث وہ اپنی رکنیت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ عدلیہ کی ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور پاکستان بار کونسل کے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان بار کونسل کا ہنگامی اجلاس

ذرائع کے مطابق، جوڈیشل کمیشن میں نئے رکن کے تقرر کے لیے پاکستان بار کونسل نے بدھ کو اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں سینئر وکیل احسن بھون کو جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔

جوڈیشل کمیشن کی تشکیل

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 26ویں آئینی ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی تشکیل کے لیے حکومت اور اپوزیشن سے نام طلب کیے تھے۔

اس ترمیم کے تحت، سپریم کورٹ کے ججز کی تعیناتی کے لیے 13 رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا، جس کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان ہوں گے۔ اس کمیشن میں عدالت عظمیٰ کے تین سینیئر ججز، وزیر قانون، اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل کا ایک نمائندہ، قومی اسمبلی اور سینیٹ سے دو حکومتی اور دو اپوزیشن ارکان شامل ہوں گے۔

26ویں آئینی ترمیم کے مطابق، سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ الیکشن لڑنے کے لیے اہل خاتون یا غیر مسلم کو بھی دو سال کے لیے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بنایا جائے گا، جس کا تقرر چیئرمین سینیٹ کریں گے۔

چیف جسٹس کی تقرری میں تاریخی تبدیلی

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل، الجہاد ٹرسٹ کیس کے فیصلے کے مطابق، سپریم کورٹ کے سب سے سینیئر جج کو ہی چیف جسٹس بنایا جاتا تھا۔

26ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے قبل جسٹس منصور علی شاہ سنیارٹی کے اصول کے تحت اگلے چیف جسٹس پاکستان بننے والے تھے، تاہم 22 اکتوبر کو قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو اگلا چیف جسٹس پاکستان نامزد کر دیا تھا۔

55 / 100 SEO Score

One thought on “ایڈووکیٹ اختر حسین کا جوڈیشل کمیشن آف پاکستان سے استعفیٰ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!