کراچی: ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم اور ایس ایس پی زیشان شفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے پولیس انتظامیہ اور پولیو ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں ضلع وسطی کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ او ہیلتھ توقیر احمد اور پولیو ٹیم نے شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس فورسز کی ملاقات
اجلاس میں بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیم کے فوکل پرسنز اور ایس ایچ اوز علاقے کے معزیزین کو آن بورڈ لے کر پولیو مہم کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسکولز، مالز اور دیگر پبلک مقامات پر ویکسینیشن کو مزید تیز کیا جائے تاکہ کوئی بھی یونین کونسل کم کارکردگی کا شکار نہ ہو۔
اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ او ہیلتھ اور پولیو کے ٹاؤنز فوکل پرسنز نے ڈپٹی کمشنر کو پولیو مہم کی بریفنگ بھی دی۔ ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے پولیو مہم میں پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی ضلع وسطی زیشان صدیقی نے کہا کہ پولیو وائرس ایک بڑا چیلنج ہے جس پر سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ پولیو ٹیم کے ساتھ عوام سے اچھے رویے کے ساتھ کام کریں اور اپنی تمام تر توانائیاں اس مہم پر لگائیں کیونکہ یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ ہے جسے ہم نے مل کر جیتنا ہے۔
