لاہور، تشکر نیوز: پاکستان نیوی کی ساتویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ (MARSEW-7) پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں اختتام پذیر ہوئی۔ وزیر اعظم پاکستان، میاں محمد شہباز شریف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
کمشنر کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کا ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے شہر کا دورہ
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے پاکستان کو اپنے بحری شعبے پر مزید توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سمندر 21ویں صدی میں انتہائی اہمیت اختیار کر چکے ہیں اور ان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے سمندری علاقے جو قدرتی وسائل سے بھرپور ہیں، کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ دنیا جیوپولیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے شپنگ اور فشنگ کے شعبوں کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشی اور سماجی ترقی کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے پاکستان نیوی اور پاکستان نیوی وار کالج کی کوششوں کو سراہا جو قومی سلامتی میں سمندروں کی اہمیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔
قبل ازیں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا، جبکہ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے ورکشاپ کے دوران کی جانے والی سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کیا۔ ورکشاپ میں شریک پینل نے قومی بحری پالیسی کے لیے تجاویز اور سمندری ماحول کے قومی سلامتی اور اقتصادی خوشحالی پر اثرات کو اجاگر کیا۔

پاکستان نیوی کی سالانہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا مقصد بحری سلامتی، بلیو اکانومی اور پاکستان کے غیر استعمال شدہ بحری وسائل کو دریافت کرنے کے لیے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ ورکشاپ میں ارکان پارلیمنٹ، پالیسی ساز، بیوروکریٹس، تعلیم، کاروباری شخصیات، مسلح افواج کے افسران اور میڈیا کے نمائندے شریک ہوئے۔
