کراچی (تشکر نیوز) – صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کی زیر قیادت "زیرو ٹالرنس” پالیسی کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم کو تیز کر دیا ہے۔ ایس بی سی اے کے ڈیمالیشن اسکواڈ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں نقشے کے برخلاف بنائی گئی اضافی منزلوں، پورشنز، اور دیگر غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز کو کسی بھی فرد کو گرفتار کرنے کے اختیارات دینے کا فیصلہ
ڈسٹرکٹ ایسٹ میں پلاٹ نمبر 142 بی بلاک 2 پی ای سی ایچ ایس کی بیسمنٹ میں غیر قانونی تعمیرات کو ختم کر کے پارکنگ کی جگہ بحال کر دی گئی۔ دیگر کاروائیوں میں بلاک ایس، راجپوت کالونی اور کے ڈی اے اسکیم 36 سمیت متعدد پلاٹوں پر اضافی منزلوں اور آر سی سی کالمز کو منہدم کیا گیا۔ معزز عدالت کے حکم پر سادات امروہہ سیکٹر 37 ڈی اسکیم 33 میں غیر قانونی دکانوں کے پارٹیشنز اور دیواروں کو بھی ہٹا دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے علاقوں میں لیاری اور صدر میں متعدد غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا گیا۔ لیاری میں پلاٹ نمبر LY-6/6، LEE-3/4 اور دیگر پلاٹوں پر مکمل تعمیرات اور بالکنیوں کو بھی ختم کر دیا گیا، جبکہ صدر میں لازمی کھلی جگہ پر کی گئی تعمیرات کو بھی منہدم کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل، گلبرگ، گڈاپ ٹاؤن، اور کورنگی میں بھی ایس بی سی اے کے ڈیمالیشن اسکواڈ نے کارروائیاں کیں، جن میں مختلف منزلوں اور آر سی سی کالمز کو منہدم کیا گیا۔ تمام کارروائیاں متعلقہ ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈیمالیشن افسران کی زیر نگرانی انجام دی گئیں، جبکہ اس دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایس بی سی اے پولیس فورس اور علاقہ پولیس بھی موجود رہی۔