تشکر نیوز: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 150ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 69ویں انٹیگریٹڈ کورس، 24ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 36ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس نے گریجویشن مکمل کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا تھے، جنہوں نے پریڈ کا جائزہ لیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو ایوارڈز دیے۔
26ویں آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان ملاقات، اتفاق رائے کی کوششیں جاری
اس پروقار تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی سے عراق، اردن، مالدیپ، سری لنکا اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس نے بھی کامیابی سے گریجویشن مکمل کی۔ نیپال، فلسطین، سوڈان اور یمن سمیت دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی اس موقع پر اپنے کورس مکمل کیے۔
پریڈ کے دوران اعزازی تلوار سینئر انڈر آفیسر عبداللہ افضل کو دی گئی، جبکہ سینئر انڈر آفیسر بابر اللہ امان کو صدارتی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اوورسیز گولڈ میڈل نیپال سے تعلق رکھنے والے سینئر انڈر آفیسر کشتیج گرونگ کو دیا گیا۔ مزید برآں، 36ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے جونیئر انڈر آفیسر محمد عمر شیراز، 69ویں انٹیگریٹڈ کورس کے جونیئر انڈر آفیسر محمد سلیمان اور 24ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی انڈر آفیسر پاکیزہ یعقوب کو کمانڈنٹ کینز سے نوازا گیا۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں کیڈٹس نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنی ڈرل کی مہارت کا مظاہرہ کیا، جبکہ اس تقریب میں ملکی و غیر ملکی مندوبین اور کیڈٹس کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
