تشکر نیوز: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس اور وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں لیاری گینگ وار ملا نثار گروپ کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی ہے، جس سے ایک ہینڈ گرینیڈ اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ایف آئی اے کا حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، مرکزی ملزم گرفتار
ملزم کو کراچی کے علاقے چاکیواڑہ سے گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی کے مطابق اویس لیاری گینگ وار ملا نثار گروپ کے لیے بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتیوں کی سربراہی، اسمگلنگ، منشیات فروشی اور موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ ملزم نے اصغر نامی بیرون ملک مقیم شخص کے کہنے پر پنجاب میں بھی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں حصہ لیا تھا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے مزید بتایا کہ اویس شہر بھر میں سرگرم مختلف ڈکیت گروپوں کو نہ صرف لیڈ کر رہا تھا بلکہ انہیں اسلحہ بھی فراہم کرتا تھا۔ ملزم لانڈھی، کورنگی اور دیگر علاقوں سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکلز چھین کر بلوچستان اسمگل کرتا تھا۔ اس کے علاوہ وہ ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی اسمگلنگ میں بھی ملوث تھا۔

پولیس نے ملزم سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل کی شناخت تھانہ فیروزآباد میں درج چوری شدہ گاڑیوں کی فہرست سے کی ہے۔ اویس اس سے قبل بھی مختلف سنگین مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے اور اس پر درج مقدمات میں شامل ہیں:
- مقدمہ الزام نمبر 499/2021 دفعہ 23(I)A تھانہ کورنگی
- مقدمہ الزام نمبر 494/2021 دفعہ 381A تھانہ کورنگی
- مقدمہ الزام نمبر 1112/2021 دفعہ 395/397/23(I)A تھانہ زمان ٹاؤن
- مقدمہ الزام نمبر 150/2022 دفعہ 381A تھانہ آرام باغ
- مقدمہ الزام نمبر 324/2022 دفعہ 392/397/353/324 RW 7ATA تھانہ ابراہیم حیدری
- مقدمہ الزام نمبر 325/2022 دفعہ 23(I)A تھانہ ابراہیم حیدری
ملزم کے خلاف تھانہ چاکیواڑہ میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
