یوم ِدفاع 6 ستمبر 2024 کے مو قع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کا پیغام

تشکر نیوز: 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں ایک فیصلہ کن دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن پاکستان کی ناقابلِ شکست مسلح افواج نے مادرِ وطن کے دفاع میں غیر متزلزل عزم، بے مثال جذبے اور بے خوف بہادری کا مظاہرہ کیا۔ اس شجاعت کی داستان ہماری قومی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی گئی ہے، جس نے ہر پاکستانی کے دل میں فخر کا جذبہ بھر دیا کہ ہمارے جوانوں نے اپنی بے پناہ حب الوطنی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا۔ یہ دن ایک واضح پیغام دیتا ہے کہ ہماری ملکی سرحدیں ناقابلِ تسخیر ہیں اور ہم، ایک متحد قوم کی حیثیت سے، مادرِ وطن کی سالمیت اور دفاع کے لیے ہمیشہ پُرعزم رہیں گے۔

بلوچستان کے شہداء کے خاندانوں نے حب الوطنی کی مثال قائم کر دی

آج کے دن ہم ان بہادر سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو منصوبہ بندی میں زیرک، حملے میں نڈر، اور دشمن کے دلوں میں خوف پیدا کرنے والے تھے۔ پاک بحریہ کا آپریشن ‘سومنات’ اس عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے، جس میں جنگی بیڑے نے بھارتی ریڈار اسٹیشن اور دوارکا کی ساحلی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور تباہ کیا۔ اس آپریشن نے جنگ کے آغاز ہی میں سمندری محاذ پر پاکستان کی برتری قائم کر دی۔ دوارکا پر حملہ اور بحرِ ہند میں آبدوز غازی کی موجودگی نے بھارتی بحریہ کو ان کی اپنی بندرگاہوں تک محدود رکھا اور وہ کھلے سمندر میں آنے کی جرأت نہ کر سکے۔

ہم آج کے دن اپنے بہادر بحری محافظوں کی شاندار خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاک بحریہ ہر لمحہ بحری سرحدوں کے دفاع اور سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت کے لیے سرگرم عمل ہے، جو ہماری معیشت کی شہ رگ ہیں۔ جدید بحری جہازوں کی شمولیت پاکستان نیوی کی دفاعی تیاریوں میں ایک نئے دور کا آغاز ہے، جو قومی خوشحالی اور اقتصادی سرگرمیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوششوں کا ثبوت ہے۔ ہم اس عزم پر قائم ہیں کہ پاکستان نیوی کو ایک مضبوط بحری قوت بنائیں گے جو نہ صرف ہمارے قومی مفادات کا تحفظ کرے گی بلکہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک عظیم مقام پر فائز کرے گی۔

اس قومی یکجہتی اور ولولے سے بھرپور دن کے موقع پر ہم پاکستان کی بحری سرحدوں اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی روشنی میں ہم بھائی چارے اور برابری کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم بری، بحری اور فضائی افواج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کے کارنامے ہمیں ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ آج کے دن، مکمل ایمان کے ساتھ، پاکستان نیوی کے آفیسرز، سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز اپنے بحری دفاع کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

 

 

اللہ تعالیٰ ہمارا محافظ اور رہنما ہو۔ آمین۔ پاکستان نیوی زندہ باد!
پاکستان پائندہ باد!

48 / 100

One thought on “یوم ِدفاع 6 ستمبر 2024 کے مو قع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کا پیغام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!