تشکر نیوز: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ضلع ساؤتھ پولیس کی ٹیم کو 12 سالہ بچی گنگا کے ساتھ زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری پر تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے نوازا۔ ملزم وقار علی ولد وزیر علی، جو 25 سال کا ہے، نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو روز قبل 12 سالہ بچی گنگا کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر اس کی لاش کو بوری میں بند کرکے صدر کے علاقے لکی اسٹار کے قریب کچرا کنڈی میں پھینک دیا تھا۔
مذکورہ واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر میں بچی کی والدہ منگتی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس چیف نے کیس کو ٹیکنیکل بنیادوں پر حل کرتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری پر پولیس ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور انہیں تعریفی اسناد اور کیش ریوارڈ سے نوازا۔ اس ٹیم میں ایس پی انویسٹیگیشن ون ساؤتھ رحیم شیرازی، ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی، ایس پی صدر ماجدہ پروین، ایس ڈی پی او فریئر نعیم احمد، ایس ایچ او صدر چودھری ذاہد، ایس ایچ او فریئر عرفان میو، اور ہیڈ محرر تھانہ فریئر چندر کمار شامل ہیں۔
ترجمان کراچی پولیس نے اس کامیاب کارروائی پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔