تشکر نیوز: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر جولائی 2024 میں 48 فیصد اضافہ کے ساتھ 2 ارب 99 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ برس جولائی میں یہ رقم 2 ارب 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھی۔
ماہرین نے اس اضافہ کو سیاسی اور معاشی بے یقینی کے باوجود ایک مثبت علامت قرار دیا ہے۔ تاہم، رپورٹ کے مطابق، سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں اضافے کے باوجود، ماہانہ بنیادوں پر کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ مرکزی بینک نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جون کے 3 ارب 15 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں جولائی میں 15 کروڑ 30 لاکھ ڈالر یا 5 فیصد کم رقم بھیجی ہے۔
مالی سال 2024 کے دوران پاکستان کو مجموعی طور پر 30 ارب 20 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں، جو مالی سال 2023 کے 27.33 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔
کرنسی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ برآمدات میں کمی کی وجہ سے اس سال ترسیلات زر کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی، جو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گی۔