کراچی (تشکر نیوز ) ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول عبدالرشید سولنگی نے ایس بی سی اے ڈیمالیشن سیکشن میں قائم رین ایمرجنسی سینٹر کا دورہ کیا اس دوران ڈائریکٹر ڈیمالیشن اور رین ایمرجنسی سینٹر کے سربراہ عبدالسجاد ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے تین شفٹوں میں 24 گھنٹے ڈیوٹی پر حاضر افسران و عملے کی ہمت افزائی کرتے ہوئے مسلسل چوکس و چوکنا رہنے کی ہدایت دی۔
ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے نے وہاں موجود افسران و عملے سے انہدامی عمل اور بارش میں کسی ھنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے مختلف امور پر بات چیت کی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے عملے کے تحفظ اور ھنگامی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی جانب سے بھرپور مدد اور بہتر وسائل کی فراہمی کا یقین دلایا۔
ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی نے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بلا ناغہ ڈیمالیشن سیکشن کی مہم کو سراہتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کا ہمیشہ کے لئے سدباب کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کے رین ایمرجنسی کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز ،فیلڈ اسٹاف اور ڈیمالیشن سیکشن کو آپس میں مستقل مربوط رابطہ میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔

علاؤہ ازیں ایس بی سی اے نے ماہر تعمیراتی انجینئرز پر مشتمل ایس بی سی اے کی ٹیکنکل کمیٹی برائے خطرناک عمارت کی جانب سے خطرناک و ناقابل استعمال قرار دی گئی عمارتوں سے متعلق خبردار کیا ہے کہ ایسی مخدوش خستہ حالت عمارتوں میں بارش کے پانی کا رساؤ یقینی ہوتا ہے جس کے سبب عمارت کے اپنے ہی بوجھ سے اچانک زمین بوس ہونے کے خدشات بہت بڑھ جاتے ہیں جبکہ ایسی صورت میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے کرنٹ لگنے اور آتشزدگی کے واقعات بھی عام مشاہدے میں ہے۔

اس حوالے سے ایس بی سی اے نے ایک بار پھر خطرناک عمارتوں کے مکینوں اور استعمال کنندہ کو متنبہ کیا ہے کہ قیمتی انسانی جان و مال کے تحفظ کی خاطر ایسی عمارتوں کو فوری خالی اور استعمال کو ترک کیا جائے بصورت دیگر اپنے نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے جبکہ عمارت کے قرب جوار میں معاشی سرگرمیاں کرنے والے عوام الناس اور ملحقہ عمارتوں کے مکینوں سے محتاط رہنے کی درخواست کی ہے۔

