تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
یوٹیلٹی اسٹور پر دستیاب اشیاء کی قیمتیں عام مارکیٹ سے بھی زیادہ ہونے کا انکشاف
لاہور: رمضان المبارک سے قبل یوٹیلٹی اسٹور پر مہنگائی کا طوفان، یوٹیلٹی اسٹور پر دستیاب اشیاء کی قیمتیں عام مارکیٹ سے بھی زیادہ ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور چاول عام مارکیٹ کی نسبت مہنگے داموں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 2840 روپے میں فروخت جبکہ عام مارکیٹ میں 20 کلو آٹا 2792 روپے میں مل رہا ہے، سیلا چاول یوٹیلیٹی سٹورز پر 53.40 روپے مہنگا ہے، عام مارکیٹ میں سیلا چاول 317 روپے فی کلو جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر فی کلو سیلا چاول 370 روپے کا ہے۔
اس کے علاوہ سفید چنے عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی سٹورز پر 13.53 روپے مہنگے فروخت ہو رہے ہیں، مارکیٹ میں سفید چنا 391 روپے فی کلو جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر سفید چنا 405 روپے میں دستیاب ہے۔
چینی بھی عام مارکیٹ کی نسبت 9 روپے مہنگی بیچی جا رہی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 155 روپے فی کلو جبکہ عام مارکیٹ میں 146 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ کی جانب سے رمضان ریلیف پیکیج 2024ء کی منظوری دے دی گئی۔ ای سی سی نے گزشتہ ہفتے یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج منظور کیا تھا، جس کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 7 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد کا پیکچ دیا جائے گا، رمضان ریلیف پیکج کا اطلاق 4 مارچ سے ہو گا اور اس دوران ٹارگیٹڈ سبسڈی کے ذریعے19 بنیادی اشیاء پر رعایت دی جائے گی۔