اسلام آباد: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ شمالی وزیرستان اور مستونگ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 18 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
شمالی وزیرستان میں 13 خوارج ہلاک
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران 13 خوارج ہلاک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی کے بعد کارروائی کی۔
یہ کارروائی خیبرپختونخوا میں عزم استحکام کے تحت جاری کارروائیوں کا حصہ ہے۔
مستونگ میں 5 دہشتگرد ہلاک
کیماڑی پولیس کی 24 گھنٹوں میں کارروائیاں، 16 ملزمان گرفتار
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سیاہ پشت اور کلی گشتری کے علاقوں میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں علاقوں میں کارروائیاں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور نقل و حرکت کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔

