ویب ڈیسک
لاہور: ن لیگ کے ساتھ مل کر اتحادی حکومت بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کے لیے وزارت عظمیٰ کا مطالبہ کر دیا۔
دی نیوز کو نواز لیگ کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے سابق وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے جمعہ کی رات کو ملاقات کی اور مستقبل میں اتحادی حکومت بنانے پر گفتگو کی۔
ہفتہ کو پارٹی ذرائع نے نواز لیگ کے رہنماؤں سے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا۔ اس حوالے سے نواز لیگ کی قیادت نے ہفتہ کو ایک اجلاس بھی منعقد کیا جس کی صدارت شہباز شریف نے کی تھی۔
اس اجلاس میں سینیٹر اسحٰق ڈار، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، ملک محمد احمد خان، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطااللہ تارڑ، خواجہ عمران نذیر اور دیگر نے شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے اپنی پارٹی کے ارکان کو بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری نے بات کا آغاز ہی بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے اور مرکزی وزارتی پورٹ فولیوز دینے کے مطالبے سے کیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو مزید بتایا کہ اس کے بدلے میں آصف علی زرداری نے نواز لیگ کو پنجاب میں حکومت سازی کے لیے حمایت دینے کی پیشکش کی۔ نواز لیگ کے صدر نے حکومت سازی کے متعدد آپشنز پر بھی گفتگو کی۔
یہ بھی زیر غور آیا کہ اگرچہ نواز لیگ ملک میں ’سب سے بڑی‘ سیاسی جماعت کی حیثیت سے سامنے آئی ہے لیکن یہ اب بھی اپنے تئیں حکومت نہیں بنا سکتی اور اسے دیگر پارٹیوں یا آزاد ارکان کی ضرورت ہوگی۔