کراچی میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے شہید بینظیر بھٹو کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں جمہوریت، عوامی حقوق اور عوامی خدمت کی علامت قرار دیتے ہوئے بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اسٹریٹ کرائم: ابراہیم حیدری میں دکانوں پر ڈکیتیوں میں ملوث خطرناک گینگ گرفتار
ناصر شاہ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو دنیا کی پہلی مسلم خاتون وزیر اعظم تھیں جنہوں نے جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے عوامی سیاست کو نئی سمت دی اور ان کا سیاسی سفر قربانیوں اور جرات سے بھرپور رہا۔
وزیر بلدیات کے مطابق شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی پروگرام کی بنیاد دی جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ میں کردار ادا کیا، جسے وہ قومی دفاع کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کا وژن آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور عوام کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہید بی بی کے مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔
ناصر شاہ نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کو قومی سیاست میں بااختیار بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا اور ان کی عوام دوستی اور جمہوری جدوجہد نئی نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

