مریم نفیس نے حال ہی میں نجی میگزین کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور کیریئر، ڈراموں کے ساتھ ساتھ نجی زندگی کے حوالے سے گفتگو کی۔
دوران انٹرویو مریم نفیس نے بتایا کہ ‘میں نے اپنا نکاح نامہ خود پڑھا اور میرے والدین نے اس میں تفصیلات درج کی تھیں، مجھے طلاق کا حق ملا ہے، یہ پڑھ کر میں آبدیدہ ہوگئی تھی جبکہ بعض افراد سمجھ رہے تھے کہ شاید زبردستی شادی کروائی جا رہی ہے’۔
اداکارہ نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ‘میں نے ساری زندگی حق مہر پر لوگوں کے جھگڑے ہوتے دیکھے ہیں، اس لیے میں نہیں چاہتی تھی کہ میں حق مہر لوں جبکہ شوہر امان احمد نے کھلے دل سے اجازت دی کہ جو چیز یا جتنی رقم چاہیے لکھوا لو لیکن میں نے اپنا حق مہر شرعی لکھوایا یعنی جو شرعی اعتبار سے بنتا ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘مجھے رقم یاد نہیں کہ شرعی اعتبار سے کتنی رقم بنتی ہے شاید 2200 یا 22000 لیکن میں نے حق مہر کے کالم میں شرعی لکھوایا تھا’۔
اداکارہ نے بتایا کہ ‘پہلے ہمارا ارادہ بیرون ملک شادی کرنے کا تھا لیکن پھر سادگی سے کرنے کا فیصلہ کیا، میرا نکاح فیصل مسجد میں سادہ طریقے سے ہوا، ہوٹل میں عشائیہ دیا گیا تھا پھر پورے خاندان سمیت دیگر تقریبات کے لیے مری گئے تھے’۔