تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کچکول خان الیکشن میں پی پی امیدواروں کی بھرپور حمایت کریں گے، پیپلزپارٹی کی قیادت ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا
کراچی: عوامی نیشنل پارٹی ضلع ملیر کراچی کے صدر کچکول خان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے کچکول خان نے بھٹو ہاوَس نوڈیرو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کچکول خان نے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کا بھی اعلان کیا۔
اس موقعے پر پی پی پی ملیر کے صدر سلمان عبداللہ مراد، پی پی پی ملیر کے اطلاعات سیکریٹری میر عباس تالپور اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسی طرح پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے کندھ کوٹ کی سیاسی شخصیت سردار محمد صلاح گولو نے ملاقات کی۔
فریال تالپور سے سردار محمد صلاح گولو نے بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں ملاقات کی۔ فریال تالپور سے ملاقات میں سردار محمد صلاح گولو نے پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
فریال تالپور نے سردار محمد صلاح گولو کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ سردار محمد صلاح گولو نے الیکشن میں میرعابد خان سندرانی سمیت ضلع اور صوبہ میں پی پی پی امیدواروں کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ جے یو پی تمام امیدوار پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ جمعیت علما پاکستان کے سربراہ ابوالخیر محمد زبیر ہمارے ساتھ موجود ہیں، جے یو پی پورے پاکستان میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں سے الحاق کر رہی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھا، نوازشریف نے چن چن کر مخالفین کو جیل میں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے چاہا پورے پاکستان کو جیل میں رکھیں، پی ٹی آئی اور ن لیگ کلیش کی سیاست چاہتے ہیں، صحیح سیاست پاکستان پیپلز پارٹی کر رہی ہے۔