تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کوئٹہ کے بعد بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور خضدار میں بھی دھماکے ہوئے، فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں دستی بم پھینکے والے ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پنجگور میں چتکان کے علاقے میں ڈی سی آفس پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا، ڈیوٹی پر مامور لیویز کے اہلکاروں کی فائرنگ سے حملہ آوور فرار ہوگئے، مزید تفتیش جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجگور چتکان ڈپٹی کمشنر پنجگور آفس پر نامعلوم افراد نے 2 دستی بم پھینکے جو چار دیواری کے اندر گرے تاہم دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مزید تفصیلات جانیے : کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تین شہروں میں دھماکے، ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی
دوسری جانب خضدار کے علاقے زہری میں بی این پی اور جمعیت علمائے اسلام کے انتخابی دفتر پر بھی نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق اس حلقے سے قومی اسمبلی کی نشست پر اختر مینگل جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر غلام سرور امیدوار ہیں۔ اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر کچرے کے ڈھیر میں دھماکا ہوا تاہم واقعے میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔