ٹیم پاکستان نہ بھیجنے اورایونٹ کسی دوسرے ملک منتقلی کا شور
بھارت نے پاکستان کی میزبانی میں شیڈول چیمپینز ٹرافی 2025 سے متعلق واویلا شروع کر دیا۔ بھارت نے پاکستان ٹیم نہ بھیجنے اور بھارت کے میچز عرب امارات میں کھیلنے کیلئے 2 سال پہلے ہی رنگ میں بھنگ ڈالنے کی پرانی روش پر کام شروع کر دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان میں میچز کھیلنے کی اجازت نہ دی تو چیمپنینز ٹرافی کسی دوسرے ملک منتقل کرنا ہو گی یا پھر بھارت اپنے میچز پاکستان کی بجائے کسی اور ملک میں کھیلے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور یہ میچز پاکستان میں نہ ہو سکے، دوسری جانب بھارت نے مکارانہ پالیسی اختیار کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ میں نہ صرف پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے پر مجبور کیا بلکہ پاکستانی تماشائیوں کو ویزے بھی جاری نہیں کئے، حتی کہ صحافیوں کو بھی بھارت جانے میں انتہائی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ معروف پاکستانی سپورٹس اینکر زینب عباس کو آئی سی سی کے پینل میں ہونے کے باوجود ہراساں کیا گیا اور انہیں ورلڈ کپ چھوڑ کر واپس آنا پڑا۔