حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی میں دو روز کی توسیع کردی گئی ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ مزید قیدیوں کی رہائی کیلئے فہرست تیار کرلی ہے۔ چین نے کہا ہے کہ غزہ امن کیلئے اقدامات مثبت ہیں ۔
امریکا اوراقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امید ہے جنگ بندی مزید آگے بڑھے گی۔
اسرائیلی میڈیاکے مطابق حماس نےمزید 11؍ اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حماس اور اسرائیل نے جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع پر اتفاق کرلیا ہے۔
قطر کا کہنا ہے کہ اس کی کوشش ہے کہ عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں تبدیل ہوجائے۔ حماس کی جانب سے جنگ بندی میں دو روزہ توسیع کی تصدیق کی گئی ہے۔
حماس کا کہنا ہےکہ جنگ بندی کے دوران مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے فہرست تیار کرلی گئی ہے، جنگ بندی میں دو روزہ توسیع کی شرائط پہلے والے جنگ بندی معاہدے جیسی ہی ہیں۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کے معاہدے کا اطلاق جمعہ سے ہوا تھا جس کے بعد دونوں جانب سے درجنوں یرغمالیوں کو رہا کیا جاچکا ہے۔ چین نے کہا ہے کہ غزہ میں امن کی جانب اقدامات ’چھوٹے‘ لیکن مثبت اور حوصلہ افزا ہیں۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ اگرچہ امن کی طرف قدم چھوٹے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ مثبت اور حوصلہ افزائی کے لائق ہیں۔
امریکا نے بھی جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ امید ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ تعطل اب بھی زیادہ دیر تک جاری رہے گا۔