تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اتوار کو انتخابی ریلیاں نکالنے پر تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں اور کارکنوں کے خلاف تین تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
سٹی پولیس سٹیشن، گوالمنڈی پولیس سٹیشن اور جناح ٹاؤن پولیس سٹیشن میں درج مقدمات میں پولیس کا الزام ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں نے بغیر اجازت ریلیاں نکالیں، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اور کارِ سرکار میں مداخلت کی۔ پولیس کے مطابق کارکنان کی گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ ان کی گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔
ریلیوں کے قائدین میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواران (این اے 263 سے) سالار خان، (پی بی 43 سے) دودا خان شاہوانی، (پی بی 44 سے) ملک فیصل اور (این اے 264 سے) زین العابدین سمیت دیگر کو ان مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف نے اتوار کے روز ملک گیر احتجاج کی کال دی گئی تھی جس دوران ٹانگ اور کراچی سمیت دیگر مقامات پر کارکنان اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا۔