پاکستان میں درجہ حرارت مزید نیچے گرنے کا امکان

ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار، درجہ حرارت مزید نیچے گرنے کا امکان

ویب ڈیسک

ملک بھرمیں سردی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ افغانستان سے مغربی سسٹم آج ملک میں داخل ہوگا جس کے باعث شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محمکہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کی لپیٹ میں آئے علاقوں میں درجہ حرارت مزید نیچے جانے کا امکان ہے جبکہ سائبیرین ہواوں کی رفتار میں اضافے کے باعث آج سے کراچی میں بھی سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کے مضافتی علاقوں میں درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر کا فضائی معیار آج بھی متاثر رہا ہے۔

کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی آج پانچویں نمبر پر رہا جبکہ ائیر کوالٹی انڈیکس 182 ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں آج بھی شدید دھند کا راج رہے گا۔

شدید دھند کے باعث ملک کے مختلف ائیرپورٹوں پر 22 ملکی و غیرملکی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور متعدد تاخیر کا شکار ہیں جبکہ اتوار کے روز بھی اتوار 35 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔

شدید دھند سے حد نگاہ متاثر ہونے پر مختلف مقامات سے موٹرویز کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹرویز ایم 1 کو پشاور سے اسلام آباد تک ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے جبکہ موٹرویز ایم 2 کو ٹھوکر نیازبیگ سے ہرن مینار تک اور موٹرویز ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ تک بند کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹرویز ایم 5 کو شیر شاہ سے ظاہر پیرتک اور سوات ایکسپریس وے کو کرنل شیرخان سے کاٹلنگ انٹرچینج تک ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔

 

 

پشاور موٹروے جانے کیلئے برہان انٹرچینج سے ٹریفک کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!