کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد نے 12 اپریل کو کراچی میں پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔ یہ احتجاج شہر میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کی تیز رفتاری اور غفلت کے باعث معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر کیا جا رہا ہے۔
آفاق احمد نے رمضان المبارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ 12 اپریل کو سفید پرچم کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں اور پُرامن انداز میں اپنی آواز بلند کریں تاکہ شہری جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان ایم کیو ایم حقیقی کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے شہری یو پی موڑ، نارتھ کراچی پر جمع ہوں گے، جہاں چیئرمین آفاق احمد عوام سے خطاب کریں گے۔ بعدازاں وہ عوام کے ہمراہ یو پی موڑ سے مزار قائد تک مارچ کریں گے۔
اس پُرامن احتجاج کی حمایت تاجر برادری کی جانب سے بھی کی گئی ہے، جنہوں نے ایم کیو ایم حقیقی کے اس اقدام کو شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور شہری جانوں کے ضیاع کے خلاف مثبت قدم قرار دیا ہے۔
آفاق احمد کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج کسی سیاسی مفاد کے لیے نہیں بلکہ کراچی کے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہے، اور تمام مکاتب فکر کو اس میں شریک ہو کر شہری حقوق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔