کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے حال ہی میں بجلی کی قیمتوں میں 12 سے 17 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جو عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل غیر قانونی تعمیرات کے بادشاہوں کے خلاف گھیرا تنگ زرائع
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے حکومت میں شامل ہو کر عوام کے بجلی کے بل کم کرانے اور پانی کے مسائل حل کرانے پر خصوصی توجہ دی اور اسی کا نتیجہ ہے کہ عید کے بعد بجلی کے نرخوں میں 5 سے 10 روپے کی کمی ممکن ہوئی۔ ان کے مطابق، تاجروں اور صنعتکاروں کی جانب سے اس فیصلے کو مثبت ردعمل ملا ہے، کیونکہ اس سے ان کے کاروباری اخراجات میں کمی آئے گی۔
وزیر اعظم کراچی کے جلسے میں بجلی کی مزید کمی کا اعلان کریں گے؟
فاروق ستار نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم کے آئندہ کراچی کے دورے میں مزید 6 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اس حوالے سے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
شرح سود میں کمی کی امید
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں اگلے بجٹ میں شرح سود 12 فیصد سے کم ہو کر 9 فیصد تک آسکتی ہے، جس سے عوام کو آسان قرضے دستیاب ہوں گے اور کاروباری طبقہ مزید مستحکم ہوگا۔
معاشی ترقی میں سستی بجلی کا کردار
فاروق ستار نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے نہ صرف عام عوام بلکہ کاروباری طبقہ بھی فائدہ اٹھا سکے گا، صنعتوں کو فروغ ملے گا، اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔