سینئر رہنما اور ممبر سندھ کونسل پاکستان پیپلز پارٹی، ظفر جھنڈیر کی جانب سے جھنڈیر ہاؤس پر متنازعہ کینالوں کے خلاف اور آصف علی زرداری کی صحتیابی کے لئے قرآن خوانی و اجتماعی دعا کی گئی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کی صحتیابی کے لئے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔
الطاف حسین اگر میرے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں تو مجھے سپورٹ کریں، آفاق احمد
ظفر جھنڈیر نے کہا کہ متنازعہ کینال سندھ کی وحدانیت کے خلاف ہیں، اور ایک بار پھر بڑے بھائی کی جانب سے سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لیکن سندھ کی عوام اور سندھی قوم باشعور ہیں اور کسی بھی صورت میں دریائے سندھ پر متنازعہ کینال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف پانی کی کمی کی بات کی جا رہی ہے، لیکن دوسری طرف اسی پانی پر ڈاکہ ڈال کر سندھ کے لوگوں کو ان کے حق زندگی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سندھ پہلے ہی پانی کی شدید کمی کا سامنا کر رہا ہے اور کینالوں کے ذریعے سندھ سے زندگی چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ظفر جھنڈیر نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد سندھ کی حفاظت اور آصف علی زرداری کی صحتیابی کے لئے دعا کرنا ہے تاکہ سندھ کے مسائل اور مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان، جیالوں، اور جیالیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ سینٹرل سے ممبر سندھ کونسل ماذ شیخ، ممبر سندھ کونسل ایس ایم نقی، عبدالرزاق باجوہ اور دیگر سینئر قیادت نے شرکت کی۔
عبدالرزاق باجوہ نے کہا کہ ظفر جھنڈیر ہمیشہ کی طرح اس موقع پر بھی سب سے آگے ہیں۔ جیسے ہی آصف علی زرداری کی بیماری کی خبر ملی، ظفر جھنڈیر نے ان کی صحتیابی اور درازی عمر کے لئے دعا کی تقریب اور بکروں کا صدقہ دیا۔ ایس ایم نقی نے بھی ظفر جھنڈیر کی کوششوں کو سراہا اور ان کے پروگرام کے انعقاد پر انہیں مبارک باد دی۔
رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کے دریائے سندھ پر کسی بھی قسم کا کینال نہیں بننے دیں گے، اور جب تک سندھ کے فرزند زندہ ہیں، کوئی بھی طاقت سندھ کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں سندھ کے حقوق کے لئے ایک ہیں اور کسی بھی صورت میں متنازعہ کینال نہیں بننے دیں گے۔ اگر سندھو دریا میں پانی نہیں ہوگا تو سندھ کی زمین بنجر ہو جائے گی اور زندگی کا وجود مشکل ہو جائے گا۔
سید مظفر علی شاہ نے تمام معزز مہمانوں اور قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کی صحتیابی کے لئے اجتماعی دعا، قرآن خوانی اور صدقہ دیا گیا ہے، اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر سندھ کے حقوق کے لئے وفاق میں بھرپور انداز میں لڑیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔