اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، عمان کے سلطان ہیثم بن طارق، اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کو عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
عیدالفطر سے قبل تمام آن لائن بک شدہ واٹر ٹینکرز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
وزیراعظم اور امیر قطر کی گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے غزہ میں قیام امن کے لیے امیر قطر کے مؤثر کردار کو سراہا، جبکہ امیر قطر نے اعلان کیا کہ قطری سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے لیے ایک اعلیٰ سطحی قطری وفد عید کے فوراً بعد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وزیراعظم نے لاہور میں پاکستان-قطر ثقافتی نمائش کی تجویز بھی پیش کی اور امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
وزیراعظم اور عمانی سلطان کا رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے وزیر تجارت کے حالیہ کامیاب دورۂ مسقط پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے سلطان ہیثم بن طارق کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔
وزیراعظم اور تاجک صدر کی بات چیت
وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور تاجک عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور مستقبل کے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کرغز-تاجک سرحدی حد بندی کے حالیہ معاہدے کو سراہا اور تاجک صدر کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے مئی 2025 میں تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہونے والی "گلیشیئر کی حفاظت” کانفرنس میں شرکت کے عزم کا اظہار کیا اور صدر امام علی رحمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔