کراچی: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ شہداء کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاکستان سنی تحریک کے 35ویں یوم تاسیس کے موقع پر انہوں نے کہا کہ آج کا دن شہداء اور قائدین سے تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے۔ ہم اسلام کی سربلندی، ملک کی سلامتی، اہلِ سنت کے حقوق اور ان کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کریں گے۔
کراچی میں موٹر سائیکل لفٹنگ کے خلاف اے وی ایل سی پولیس کا کریک ڈاؤن، مرکزی ملزم امیر بخش گرفتار
انہوں نے کہا کہ ختمِ نبوت، ناموسِ رسالتﷺ اور صحابہ کرام و اہلِ بیت اطہار کی عزت و حرمت کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔ پاکستان سنی تحریک کی بنیاد بھی شبِ قدر کی مقدس رات کو رکھی گئی تھی، اور یومِ تاسیس کے موقع پر ہم شہداء پاکستان اور شہداء پاکستان سنی تحریک کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
بانی و قائد شہید محمد سلیم قادری کی جدوجہد
محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ بانی و قائد شہید محمد سلیم قادری نے ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی اور باطل قوتوں کے چہروں کو بے نقاب کیا۔ وہ اتحادِ اہلِ سنت کے داعی تھے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایمبولینس سینٹرز اور اسپتال قائم کیے۔ پاکستان سنی تحریک کی بنیاد 1990 میں رکھی گئی تھی، اور ہمارے قائد نے ہمیں دینِ اسلام، ناموسِ رسالت اور ختمِ نبوت کے تحفظ کے لیے مر مٹنے کا درس دیا۔
اسلام دشمن قوتوں کے خلاف مؤقف
انہوں نے کہا کہ کفریہ طاقتیں اور اسلام دشمن عناصر مسلمانوں کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اسرائیل، بھارت اور امریکا کھل کر فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں۔ ان کے جنگی جرائم کی تمام حدیں پار ہوچکی ہیں، اور اب وہ کھلی دہشت گردی پر اتر آئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ، عالمی عدالت اور طاقتور قوتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جس سے ایسا لگتا ہے کہ انہیں اسرائیل کی دہشت گردی کا کھلا لائسنس حاصل ہے۔
نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی ضرورت
انہوں نے کہا کہ طاغوتی طاقتیں پاکستان کے اسلامی تشخص کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، لیکن ہم نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جب ملک میں نظامِ مصطفی ﷺ نافذ ہوگا تو انصاف کی بالادستی ہوگی، غریب کو اس کے حقوق ملیں گے، اور یکساں تعلیمی، صحت و زندگی کے مواقع میسر آئیں گے۔ ملک میں ناانصافی، کرپشن اور اقرباء پروری کا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے، کیونکہ عوام حکمرانوں کے جھوٹے دعوؤں اور کھوکھلی تسلیوں سے تنگ آچکے ہیں۔
رہنماؤں کی شرکت
افطار ڈنر پارٹی سے خطاب کے دوران نائب سربراہ محمد شاہد غوری، مرکزی رہنما فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری، محمد شہزاد قادری، کراچی رابطہ کمیٹی کے غلام مرتضیٰ قادری، کراچی کے امیر محمد فرقان قادری، نائب امیر فرحان قادری، عارف منصوی، انور سجاد قادری، محمد عالم قادری اور عامر قادری بھی موجود تھے۔