سندھ حکومت نے بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن کو لازمی بنانے کے لیے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس میں اس معاملے پر غور کیا گیا، جس میں سیکریٹری صحت، سیکریٹری آئی ٹی، ڈی جی نادرا اور محکمہ بلدیات کے دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
کراچی کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے سندھ حکومت کا نیا اقدام
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ بچوں کی صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے پیدائش کی رجسٹریشن ایک بنیادی قدم ہے۔ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن کو مکمل طور پر مفت کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، تاکہ تمام والدین اپنے بچوں کا اندراج بلا کسی مالی رکاوٹ کے کروا سکیں۔
رجسٹریشن کے عمل کو موثر بنانے کے لیے سرکاری اور نجی اسپتالوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر ذرائع سے ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ مزید برآں، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت پیدائش، شادی، طلاق اور موت کی رجسٹریشن کو لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔
یہ اقدام بچوں کو حفاظتی ٹیکوں، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا، جس سے سندھ میں بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے گا۔