کراچی: سندھ حکومت نے پولیس کی تفتیشی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 2000 اے ایس آئی انویسٹیگیشن بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے زیر اہتمام افطار اور اجلاس، 4 اپریل کی برسی کے حوالے سے لائحہ عمل طے
یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سروس اسٹرکچر کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری سروسز اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ اس اقدام سے پولیس کی انویسٹیگیشن برانچ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا، جس سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھی اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے ایس آئی انویسٹیگیشن کی بھرتی سے تفتیش کے معیار میں بہتری آئے گی۔
اجلاس میں کراچی پولیس کی 1038 پوسٹس کو نان انویسٹیگیشن سے انویسٹیگیشن یونٹس میں منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے تحت 2 ایس پیز، 17 ڈی ایس پیز، 114 انسپکٹرز، 308 سب انسپکٹرز اور 588 کانسٹیبلز کو کراچی رینج کے انویسٹیگیشن یونٹس میں شامل کیا جائے گا۔