سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما علی خورشیدی نے پیپلز پارٹی پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاری گینگ وار اور کچے کے ڈاکوؤں کے اصل سرپرست پیپلز پارٹی کے جیالے ہیں، کوئی اور نہیں۔
کراچی کی فضاؤں میں شہابِ ثاقب کا دلکش نظارہ، شہری حیران و مسرور
ایم کیو ایم رہنما علی خورشیدی نے پیپلز پارٹی کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے اندھیر نگری اور چوپٹ راج قائم کیے رکھا، ہر سطح پر دھاندلی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ ایم کیو ایم نے ہر بلدیاتی انتخاب میں جیالوں کو ناکوں چنے چبوائے۔ لیکن موجودہ بلدیاتی حکومت دھونس، جبر اور دھاندلی کا نتیجہ ہے جس کی حقیقت عوام کے سامنے عیاں ہوچکی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کراچی میں اگر امن قائم ہے تو اس کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایم کیو ایم کے 23 اگست 2016 کے تاریخی اعلان کو جاتا ہے، جس کے بعد شہر میں امن کی فضا بحال ہوئی۔
علی خورشیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ کی ترقی دو الگ الگ سمتوں کی باتیں ہیں، سندھ کے تمام محکمے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں اور ہر جگہ لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ کراچی میں پارکنگ سے لے کر دیگر شہری معاملات تک صوبائی حکومت اور شہری حکومت ایک پیج پر نہیں ہیں، جس کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہی ہے، جبکہ اصل صورتحال کرپشن، بدانتظامی اور عوامی مسائل کی بھرمار ہے۔