گزشتہ سال 2024 کے دوران اسمارٹ فونز سے بینکنگ ڈیٹا چوری کرنے کی وارداتوں میں 195.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بین الاقوامی سائبر سیکیورٹی اور اینٹی وائرس کمپنی کاسپرسکی کی رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر 4 لاکھ 20 ہزار سائبر حملے کیے گئے تھے، جبکہ 2024 میں ان حملوں کی تعداد بڑھ کر 12 لاکھ 42 ہزار تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ہیکرز آن لائن بینکنگ ڈیٹا، ای-پیمنٹ سروسز اور کریڈٹ کارڈ معلومات چرانے کے لیے دھوکہ دہی پر مبنی کمپیوٹر پروگرامز استعمال کر رہے ہیں۔ کچھ واقعات میں سائبر مجرم جعلی میسجز کے ذریعے صارفین کے بینک اکاؤنٹس ہیک کرکے ان کا ڈیٹا چوری کر لیتے ہیں۔ اسی طرح حساس معلومات یا خبروں کا استعمال کرکے صارفین کو دھوکہ دیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے ڈیٹا تک رسائی دے دیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین کو نامعلوم لنکس پر کلک کرنے، غیر مصدقہ ایپس انسٹال کرنے، اور ذاتی معلومات شیئر کرنے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ وہ خود کو ان سائبر حملوں سے محفوظ رکھ سکیں۔