وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا اور دہشت گردی کے خلاف اپنی غیر متزلزل وابستگی پر قائم رہے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سمیت 80 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے تمام میچز دبئی میں کیوں؟ اصل وجہ سامنے آگئی
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی پاکستانی کوششوں کا اعتراف کیا، خصوصاً آئی ایس کے پی کے آپریشنل کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری کے تناظر میں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شریف اللہ ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد تھا، جسے پاک افغان سرحدی علاقے میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ سے انسداد دہشت گردی میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور کسی بھی دہشت گرد گروپ کو اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف اپنی کوششوں میں ثابت قدم ہے اور اپنی قیادت و عوام کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں 2021 میں کابل ایئرپورٹ حملے کے ذمہ دار دہشت گرد کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ دہشت گرد اب امریکی انصاف کا سامنا کرے گا۔ اس موقع پر انہوں نے خاص طور پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس خطرناک دہشت گرد کی گرفتاری میں تعاون کیا۔