کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس کے تحت گلشن اقبال میں مسکن چورنگی، ڈسکو بیکری، گلزار ہجری میں آل میمن کوآپریٹیو سوسائٹی اور عالمگیر روڈ فیروز آباد میں غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔
Mustafa Amir Case: A Shocking Crime Story!
کمشنر کراچی نے کہا کہ شہر قائد کو تجاوزات سے مکمل پاک کیا جائے گا کیونکہ یہ نہ صرف شہر کے حسن کو خراب کر رہی ہیں بلکہ عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات ہٹانے سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو سہولتیں میسر آئیں گی۔
کمشنر کراچی نے اعلان کیا کہ ہر ضلع میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن جاری رہے گا اور یہ مہم اس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک کراچی کو مکمل طور پر صاف نہیں کر دیا جاتا۔ اس کے علاوہ پرائس چیکنگ، غیر قانونی تعمیرات اور دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ اپنی کارکردگی کی تفصیلات کمشنر آفس میں جمع کروا رہے ہیں، جس کے باعث تجاوزات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
کمشنر کراچی نے انجمن تاجران، سول سوسائٹی، میڈیا اور معزز شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ کراچی کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے تجاوزات قائم کرنے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود سے غیر قانونی تعمیرات ہٹا لیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔