معروف اداکار کے بیٹے ساحر حسن کے ہوشربا انکشافات، منشیات فروخت کرنے کا اعتراف

کراچی: تفتیشی رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم ساحر حسن نے دوران تفتیش اہم انکشافات کر دیے۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ 13 سال سے ویڈ (منشیات) استعمال کر رہا تھا اور 2 سال قبل فروخت بھی شروع کر دی تھی۔
ایم پی اے علی احمد جان کا قطر ہسپتال کا دورہ، بہترین خدمات پر ایم ایس راشد خان زادہ کو شیلڈز سے نوازا

ملزم کے مطابق اس نے بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (BBA) تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور 5 سال سے ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ تھا۔ اس کا منشیات کا پورا کاروبار اسنیپ چیٹ پر چل رہا تھا، جہاں سے وہ آرڈرز وصول کر کے ڈلیوری کرتا تھا۔

منشیات کی خرید و فروخت کے حیران کن انکشافات

ملزم نے بتایا کہ وہ بازل اور یحییٰ نامی افراد سے منشیات حاصل کرتا تھا اور پاکستان کی دو بڑی کوریئر کمپنیوں کے ذریعے کروڑوں کی منشیات منگوا چکا ہے۔ وہ ہر ہفتے 4 سے 5 لاکھ روپے ادا کرتا تھا اور مہینے میں دو مرتبہ ایک کلو سے زائد ویڈ درآمد کرتا تھا۔

مہنگی قیمت پر منشیات فروخت کرنے کا اعتراف

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم ساحر حسن نے انکشاف کیا کہ وہ ایک گرام ویڈ 10 ہزار روپے میں فروخت کرتا تھا۔ اس نے ویڈ کا وزن کرنے کے لیے ڈیجیٹل اسکیل بھی استعمال کیا اور 12 سے زائد کلائنٹس کے نام بھی پولیس کو بتا دیے۔

عدالت میں پیشی اور جسمانی ریمانڈ میں توسیع

کراچی کی جوڈیشل کمپلیکس سینٹرل جیل میں قائم عدالت نے ملزم ساحر حسن کے جسمانی ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع کر دی۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) نے ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا، جہاں تفتیشی افسر نے مزید ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع کرتے ہوئے اسے دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

ڈیفنس میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن

واضح رہے کہ 22 فروری 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA) میں ایک معروف اداکار کے بیٹے اور نوجوان ماڈل کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ اس کے قبضے سے منشیات برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (DIG) سی آئی اے مقدس حیدر کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس کے بعد ڈیفنس میں کریک ڈاؤن جاری ہے، اور اس دوران ایک نوجوان اداکار کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

مصطفیٰ عامر قتل کیس سے کوئی تعلق نہیں

ڈی آئی جی مقدس حیدر نے وضاحت کی کہ ساحر حسن کو مصطفیٰ عامر قتل کیس میں گرفتار نہیں کیا گیا، بلکہ یہ گرفتاری منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ پولیس ان عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے جو پوش علاقوں میں پارٹیوں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فراہم کر رہے ہیں۔

پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

53 / 100

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!