کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری نے ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین کی خدمت کے لیے صراط مستقیم کو سمجھنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صراط مستقیم وہی راستہ ہے، جس پر چل کر ہمارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے دعوت و تبلیغ کی، اور جو اس راہ کو پہچان لے وہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر لیتا ہے۔
وادی نیلم میں جاں بحق نوبیاہتا جوڑے کی لاشیں آج کراچی منتقل کی جائیں گی
بلال سلیم قادری نے کہا کہ اسلام کی اشاعت میں بزرگانِ دین نے بے پناہ محنت کی، اور ایک سچے مسلمان کی پہچان اس کا کردار اور گفتار ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صراط مستقیم پر چلنے والے کے ہر کام میں اللہ برکت ڈال دیتا ہے، اور جب انسان اللہ کے لیے خالص نیت سے کوئی عمل کرتا ہے تو اس کی مغفرت کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی خدمت تب ہی ممکن ہے جب ہم علماء کرام، داعیانِ دین اور مصلحین کے طریقے پر عمل کریں۔ اس راہ میں مشکلات و تکالیف پر صبر اور ثابت قدمی ضروری ہے، کیونکہ یہی طریقہ انبیاء و مرسلین اور ان کے پیروکاروں کا رہا ہے۔ بلال سلیم قادری نے زور دیا کہ دین اسلام عزیمت، ہمت، شجاعت اور بہادری کا دین ہے، اور ایک مسلمان کی سستی اور کاہلی نہ صرف اس کے لیے بلکہ دین کے لیے بھی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔