کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے فوری طور پر ایس ایس پی ملیر سے واقعے کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ پولیس ٹیمز کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حملے میں ملوث افراد کسی بھی صورت علاقے سے فرار نہ ہو سکیں۔ ضیاء الحسن لنجار نے جامع تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ تفتیش کی بدولت ملزمان تک پہنچا جا سکتا ہے اور انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے حکم دیا کہ کیس کی تفتیش کی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے اور معاملے کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ وزیر داخلہ نے پولیس اہلکار کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعے کی مذمت کی۔