پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر، انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے خضدار بلوچستان میں ہونے والے غیر قانونی اور افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سازشیں ملک کی مجموعی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں اور اسلامی ملک میں اس طرح کے واقعات نہ صرف حکومت کے لیے بلکہ ہم سب کے لیے شرمناک ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کا سوشل میڈیا پر من گھڑت خبروں کی تردید، اتحاد کے نقصان کی سازش کا الزام
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ خضدار میں بلوچ خاتون کا جبری اغواء ایک سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جو کسی بھی معاشرے میں قابل قبول نہیں ہو سکتی۔ ان کے مطابق، ایسے واقعات علاقائی اور قبائلی روایات و اقدار کو پامال کرنے کے مترادف ہیں، اور خواتین، بزرگوں، اور بچوں پر ظلم کرنے والے انسانیت کے مجرم ہیں۔
انہوں نے بلوچستان میں اس طرح کے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت بلوچستان سے فوری قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والی غیر قانونی کارروائیاں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں، اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے عوام کی جان و مال کا تحفظ ضروری ہے۔
پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر نے اپنے بیان میں پاکستان سنی تحریک بلوچستان کی قیادت کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے رہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک ہمیشہ مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرے گی اور انصاف کے لیے لڑے گی۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی ردعمل خوفناک شکل اختیار کر سکتا ہے، اور جھالاوان کی عوام اضطرابی کیفیت میں مبتلا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک میں موجود بیرونی طاقتوں کے سہولت کاروں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں تاکہ پوری قوم کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔