کورونا کی نئی قسم سامنے آنے پر عازمین حج کی ویکسی نیشن کا فیصلہ بین الاقوامی دواساز ادارے فائزر سے نئی کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں حاصل کی جائیں گی
اسلام آباد ( تشکُّر نیوز ۔ 01 جنوری 2024ء ) حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے پر عازمین حج کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی عالمی وباء کورونا کی نئی قسم جے این ون کے نئے کیس سامنے نہیں آئے تاہم عازمین حج کی ویکسی نیشن کی جائے گی، جس کے لیے حکومت بین الاقوامی دواساز ادارے فائزر سے نئی کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ امریکہ، چین، بھارت، کینیڈا،فرانس اور جرمنی سمیت 45 سے زائد ممالک میں جے این ون کے کیس سامنے آرہے ہیں، تاہم پاکستان میں لوگ اب تک اس ویریئنٹ سے محفوظ ہیں، لاہور اور کراچی میں صحتِ عامہ کے اداروں نے جے این ون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں کیا جب کہ کورونا کے دیگر ویریئنٹس کے مجموعی کیس ایک فیصد سے بھی کم ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ نئی کورونا کی قسم جے این ون سعودی عرب میں بھی سامنے آئی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان سے جانے والے عازمین حج کو اس سے محفوظ رکھنے کی غرض سے ویکسین کی خوراک دی جائے گی، امریکہ سے ویکسین کی 2 لاکھ خوراکوں کی بہت جلد آمد کی امید ہے، نئی فائزر کووڈ ویکسین کی مزید 3 لاکھ ڈوزز بھی اسی ماہ ملنے کا امکان ہے، فائزر کی نئی ویکسین کووڈ 19 کے نئے ویرینٹس کے خلاف بھی مؤثر ہے، اس لیے ویکسین حجاج کرام اور ہائی رسک لوگوں کو لگائی جائے گی۔