پاکستان کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لئے امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ

پاکستان سے غزہ کے متاثرین کیلئے امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لئے امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امدادی سامان کی تیسری کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ایئر بیس سے روانہ کی گئی جو کہ تقریباً 20 ٹن ضروری اشیاء پر مشتمل ہے۔

غزہ میں زمینی ضروریات کے مطابق سرجیکل وطبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء اور بچوں کے لیے گفٹ بیگز کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔

خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں مصر میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، جس کے بعد امدادی سامان تقسیم کے لئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیع، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے سینئر افسران نے نورخان ایئر بیس پر روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔

نگران وزیرخارجہ نے غزہ کی مصیبت زدہ آبادی کو انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فوری جنگ بندی،انصاف اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ غزہ کے لئے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے جو بہت جلد پاکستانی عوام کی جانب سے بھیجی جائے گی۔

جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کہ پاکستان مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

 

 

اس سے قبل این ڈی ایم اے نے غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لیے موسم سرما کے خصوصی خیمے، کمبل، ادویات اور فوڈ پیک پر مشتمل دو امدادی کھیپیں بھیجی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!