سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے جمشید ٹاؤن کے پلاٹ نمبر 878/JM1 پر چوتھی منزل کی خلافِ ضابطہ تعمیرات کو مکمل طور پر منہدم کر دیا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی مکمل قانونی طریقہ کار کے تحت کی گئی اور اس میں وزیراعلی انسپیکشن ٹیم کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔
جمشید ٹاؤن میں خلافِ ضابطہ چوتھی منزل کی تعمیرات منہدم، ایس بی سی اے کا کارروائی کا اعلان
ترجمان نے بعض عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایس بی سی اے نے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کارروائی کی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کچھ افراد سوشل میڈیا اور ڈمی اخبار کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ کارروائی بلا تفریق اور شفاف طریقے سے کی گئی ہے۔
ایس بی سی اے نے مزید کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور کسی بھی دباؤ یا جھوٹے پروپیگنڈے کے آگے نہیں جھکا جائے گا۔ فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔