شہر قائد میں بچوں کے مبینہ اغواء کے واقعات میں اضافے نے والدین کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ نارتھ کراچی میں 7 سالہ صارم کے اغواء کے بعد گارڈن حسن لشکری کے علاقے سے مزید دو بچوں کے اغواء کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
اے این ایف کی منفرد کارروائی، کھیلوں کے سامان میں چھپائی گئی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
تفصیلات کے مطابق گارڈن حسن لشکری کے ایک ہی محلے سے 4 سالہ علیان اور 6 سالہ علی رضا گزشتہ 24 گھنٹوں سے لاپتہ ہیں۔ دونوں بچے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک غائب ہوگئے۔
علیان کے کزن نے بتایا کہ وہ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور مدرسے سے واپس آ کر کھیل رہا تھا۔ علیان کی بہن نے روتے ہوئے کہا، "علیان میرا لاڈلہ تھا، مجھے وہ چاہیے۔”
دوسری جانب علی رضا کے والد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، "ہم غریب لوگ ہیں، ہماری کسی سے دشمنی نہیں، ہمارے بچے ہمیں واپس دلوائے جائیں۔”
گارڈن پولیس نے بچوں کے والدین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے، تاہم 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بچوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
ایک ہفتے کے دوران تین بچوں کے مبینہ اغواء کے واقعات نے والدین کو مزید پریشان کر دیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ، اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان کے بچوں کو بازیاب کرانے کے لیے اقدامات کریں۔