مقبول اداکار عماد عرفانی نے حال ہی میں اپنی زندگی کے سب سے بڑے دکھ کا انکشاف کیا، جس کے مطابق شوبز میں قدم رکھنے سے پہلے وہ کرکٹر بننا چاہتے تھے، لیکن ایک سنگین انجری نے ان کا یہ خواب پورا نہ ہونے دیا۔
روہت شرما کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ، چیمپئنز ٹرافی 2025 تک قیادت جاری رکھنے کا اعلان
پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کے دوران اداکار نے اپنے کیریئر اور زندگی کے اہم پہلوؤں پر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی رہائش لاہور میں تھی، جبکہ شوبز کے کام کے لیے انہیں اکثر کراچی جانا پڑتا تھا۔ اس فاصلے کی وجہ سے انہوں نے کم لیکن معیاری کام کرنے کی حکمت عملی اپنائی، جو ان کی کامیابی کی وجہ بنی۔
عماد نے انکشاف کیا کہ مشہور ڈرامہ ’کبھی میں کبھی تم‘ ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا، جبکہ اس سے پہلے وہ فلم ساز شعیب منصور کے ساتھ ایک فلم میں کام کر چکے تھے، جو بدقسمتی سے ریلیز نہ ہو سکی۔
اپنی زمانہ طالب علمی کی یادیں شیئر کرتے ہوئے انہوں نے یک طرفہ محبت کا اعتراف بھی کیا۔ ساتھ ہی فواد خان اور جنید جمشید کو ایسی شخصیات قرار دیا، جنہیں خواتین نے سب سے زیادہ پسند کیا۔
کرکٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے عماد نے بتایا کہ وہ ایک فاسٹ باؤلر تھے اور جونیئر لیول تک کھیلنے کے دوران کئی معروف کرکٹرز کے ساتھ پریکٹس کا موقع بھی ملا۔ لیکن ایک شدید انجری نے ان کا یہ خواب چکناچور کر دیا۔ انجری سے صحتیاب ہونے میں 18 ماہ لگے، اور اس دوران ان کا کرکٹ کا وقت نکل چکا تھا۔
عماد عرفانی کا کہنا تھا کہ کرکٹر بننے کا خواب ادھورا رہ جانا ان کی زندگی کا سب سے بڑا افسوس ہے، لیکن وہ شوبز میں اپنی منفرد شناخت بنانے پر شکر گزار ہیں۔