کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم، مینیجنگ ڈائریکٹر طارق نظامانی اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ ضلع وسطی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سولڈ ویسٹ، کے ایم سی اینکروجمنٹ، کے ڈی اے، ایس بی سی اے، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ او ہیلتھ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے سے متعلق غلط اطلاعات پھیلائی گئیں: سعید غنی
کمشنر کراچی نے مختلف مقامات کا دورہ کیا جن میں تین ہٹی پل، مکا چوک، کمپری ہینسیو چورنگی، مجاہد کالونی، ناظم آباد اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے ان علاقوں میں ترقیاتی اسکیمز کا جائزہ لیا اور وہاں ہونے والے کام کی رفتار کا معائنہ کیا۔
دورے کے بعد کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں مختلف اداروں کے سربراہان کے ساتھ میٹنگز کی اور ہر ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ لی۔ اس دوران انہوں نے ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مزید فعال ہونے کی ہدایت کی۔
کمشنر کراچی نے سولڈ ویسٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لیبر کو پروفیشنل انداز میں کام کروایا جائے اور ڈمپنگ پوائنٹس کی تعداد کم کی جائے۔ انہوں نے رہائشی اور کمرشل ایریاز کو روزانہ کی بنیاد پر صاف کرنے کی ہدایت بھی دی۔
کمشنر نے لال قلعہ پارک، سنگم گراؤنڈ، رشید ترابی روڈ اور کمپری ہینسیو چورنگی پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے نالوں اور اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو بہتر بنانے اور پارکوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ تجاوزات کے خاتمے کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔