پاک بحریہ کا جدید جنگی جہاز پی این ایس یمامہ رومانیہ سے پاکستان کے لیے اپنے پہلے سفر کے دوران ترکیہ کے گولچک اور اکساز نیول بیسز کا دورہ کیا۔ اس دوران، جہاز نے ترک بحریہ کی مشق ماوی وطن (MAVI VATAN-25) میں شرکت کی۔ جہاز کی بندرگاہ آمد پر پاکستان کے نیول اتاشی اور ترک بحری افواج کے نمائندوں نے اس کا استقبال کیا۔
Pakistan Army: Empowering Remote Areas with Public Service Initiatives
پی این ایس یمامہ کا ترکی کا دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔ دورے کے دوران مختلف پیشہ ورانہ اور سماجی سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں دوطرفہ ملاقاتیں، ترک بحری تنصیبات کے دورے، اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر بات چیت شامل تھی۔ اس موقع پر ترک نیوی فلیٹ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ابراہیم اوزدین کوثر نے پی این ایس یمامہ کا دورہ کیا اور جہاز کی صلاحیتوں پر بریفنگ لی۔
پی این ایس یمامہ نے ترک بحریہ کی مشق ماوی وطن 2025 میں حصہ لیا اور وہ واحد غیر ملکی جہاز تھا جس نے اس مشق میں ترک بحری جہازوں کے ساتھ شرکت کی۔ اس مشق میں حصہ لینے سے پاک بحریہ اور ترک بحریہ کے درمیان طویل عرصے پر محیط تعاون اور برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔
پی این ایس یمامہ پاکستان نیوی کے لیے رومانیہ کے ڈیمن شپ یارڈز، گلاتی میں بنائے گئے چار جہازوں میں آخری جہاز ہے۔ یہ جدید ترین، ہائی ٹیک اور ہمہ جہت جہاز ہے، جو سمندری جنگ کے تمام شعبوں میں بھرپور دفاعی صلاحیت رکھتا ہے اور مسابقاتی سمندری ماحول میں کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔