کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے کے حوالے سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر غلط اور گمراہ کن خبریں چلائی گئیں، جو حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں انڈر رول 261 کے تحت بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے ایک شاندار سہولت ہے، لیکن کچھ افراد اسے متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ: فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل پر اہم سماعت
سعید غنی نے وضاحت کی کہ حال ہی میں بلاول بھٹو زرداری نے جس انٹرچینج کا افتتاح کیا وہ مکمل ہوچکا ہے اور شہری اس پر سفر کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق شاہراہ بھٹو کا پہلا فیز قیوم آباد سے شاہ فیصل کالونی تک مکمل ہے، جبکہ قائد آباد کا دوسرا فیز مارچ 2025 اور تیسرا فیز دسمبر 2025 تک مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو ویڈیوز شیئر کی گئیں، وہ گمراہ کن ہیں اور ان میں جو مسائل دکھائے گئے وہ حقیقت میں موجود نہیں ہیں۔ شاہراہ بھٹو پر تمام اہم راستے کھلے ہیں اور ٹریفک روانی سے چل رہی ہے۔ تاہم، کچھ مقامات پر کام جاری ہے جو کہ منصوبے کے اگلے مراحل کا حصہ ہیں۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ شاہراہ بھٹو موٹروے معیار کے مطابق بنائی گئی ہے، جہاں موٹر سائیکل، رکشہ، اور چنگ چی کی آمدورفت پر پابندی ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو قوانین کی خلاف ورزی پر فوری جرمانہ جاری کریں گے۔
انہوں نے اپیل کی کہ عوام گمراہ کن معلومات پر یقین نہ کریں اور اس منصوبے کے مثبت پہلوؤں کو دیکھیں جو کراچی میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔