کراچی (تشکر نیوز) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ انہیں عمران نیازی سے کسی اچھی توقع نہیں ہے اور مذاکرات کے دوران وہ "گلاٹی” بھی کر سکتا ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی سے درخواست کی کہ وہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے بات کریں لیکن مزید مسائل پیدا کرنے کا سبب نہ بنیں۔
کراچی: ڈیفنس سے بزرگ شہری کا اغوا، سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی
اتوار کے روز پیپلز پارٹی میں مسلم لیگ نون سندھ کے سینئر نائب صدر رانا احسان کی شمولیت کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے فوجی جوانوں کو شہید کیا، جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ان شہداء کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سعید غنی نے ان جوانوں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ روز کراچی میں احتجاج کیا جس کے دوران شہر کے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ سعید غنی نے جماعت اسلامی کے احتجاج کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں پرامن احتجاج کرنا چاہیے تھا، تاکہ شہریوں کو تکلیف نہ پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز کراچی میں پانی کی فراہمی کے مسائل کی وجہ سے ٹریفک جام ہوا اور جماعت اسلامی نے اس موقع پر مزید مشکلات پیدا کرنے کے لئے ٹینکر کے پانی سڑکوں پر چھوڑ دیے۔
سعید غنی نے کراچی میں پانی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ حب ڈیم کی پرانی کینال کی مرمت اور نئی کینال پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جس سے شہر کو 60 سے 70 ملین گیلن اضافی پانی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور دسمبر 2025 تک اس منصوبے سے پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔